نئی دہلی، 23؍جون(آئی این ایس انڈیا )وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے تحمل برتنے کی صلاح سے لاپرواہ سبرامنیم سوامی نے حکومت ہند کے چیف اقتصادی مشیر اروند سبرامنیم پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور حکومت اور بی جے پی کے ان بیانات سے خود کو الگ کرنے کا بھی ان پر کوئی اثر نہیں ہوا۔انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ انہیں جو کہنا ہے، کہنے دیں۔جیٹلی کیا کہتے ہیں اس سے مجھے کوئی لینا دینا نہیں ہے، میں پارٹی صدر یا وزیر اعظم سے بات کر سکتا ہوں۔اس سے پہلے صبح میں سوامی نے سبرامنیم پر نشانہ سادھنا جاری رکھا۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ماضی میں ہندوستان کے بازو مروڑنے کی ان کی کوششوں کے باوجود انہیں محب وطن مانتی ہے تو وہ سبرامنیم کو برخواست کرنے کی مانگ کو ختم کر دیں گے۔سوامی نے آج اپنے ٹوئٹس میں کہا کہ اگر کوئی ہندوستانی، جسے محب وطن سمجھا جاتا ہے، ایک دوسرے ملک کو جہاں وہ کام کرتا ہے، ہندوستان کے بازو مروڑنے کا مشورہ دیتا ہے، اسے معاف کر دیا جاتا ہے تو میں اپنی مانگ ختم کر دوں گا۔سوامی نے آج اپنے ٹوئٹس میں کہا کہ اروند سبرامنیم نے امریکی کانگریس سے کہا کہ ہندوستان کی کمپنیوں اور برآمد کنندگان کے خلاف امتیازی سلوک کرنے کی امریکی پہل ہندوستان پر اپنا مارکیٹ کھولنے کے لئے دباؤ ڈالے گی۔اروند سبرامنیم نے 13مارچ 2013کو یہ بات کہی تھی۔